بحریہ ٹاؤن میں ہسپتال سیل کر دیا گیا
پاکستان میں حکام نے جگر کی غیر قانونی پیوند کاری کرنے والا ایک ہسپتال سیل کیا ہے اور وہاں سے غیر ملکیوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کے اہلکاروں نے صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی بحریہ ٹاؤن میں چھاپہ مارا ہے جہاں اس ہسپتال میں غیر قانونی جگر کی پیوند کاری جاری تھی ۔

حکام کے مطابق راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ اور ایف آئی اے اہلکاروں نے بحریہ ٹاؤن فیز 8 میں چھاپے میں غیر قانونی طور پر جگر کی پیوند کاری کرنے والا اسپتال سیل کیا ہے ۔
اسپتال سے چار غیر ملکی افراد جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں کو حراست میں لیا گیا جبکہ غیر قانونی طور پر قائم اسپتال کے ڈاکٹرز موقع سے فرار ہو گئے ۔
حکام کا کہنا ہے کہ شواہد ملے ہیں کہ غیر قانونی اسپتال میں کافی عرصہ سے جگر کی پیوند کاری کا کام جاری تھا ۔
اسپتال سے ڈرائیور،سینٹری ورکر اور دو خواتین گرفتار کر لیے گئے
گرفتار خواتین سمیت چاروں غیر ملکی ایف آئی اے کے حوالے کر دئیے گئے جبکہ اسٹنٹ کمشنر صدر احمد حسن رانجھا نے غیر قانونی اسپتال کو سیل کرنے کے احکامات دیے ۔

