بغیر رشوت کے کوئی کام نہیں ہوتا، وزیر خارجہ
پاکستان کے وزیر خارجہ نے چیلنج کیا ہے کہ ملک کے کسی تھانے میں بغیر سفارش مقدمہ اور اداروں میں بغیر رشوت کام کروا کر دکھا دیں۔
صحافی ماجد جرال کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ چیلنج کاغذات کی تصدیق کیلئے قونصل خانے میں آئے جہلم کے بزرگ شہری کو چیلنج دیا ہے ۔
جمعرات کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دفتر خارجہ کے قونصل خانہ برائے تصدیق اسناد کا اچانک دورہ کیا اور وہاں شہریوں میں سے بات کی ۔
شاہ محمود قریشی کے دورے کی ویڈیو دفتر خارجہ کے میڈیا سیکشن نے جاری کی ہے ۔ ویڈیو میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ اپنی کارکردگی بتاتے ہوئے وزیر خارجہ جہلم کے ایک بزرگ شہری کی جانب سے طویل انتظار کیے جانے کی شکایت کو رد کر رہے ہیں ۔
ویڈیو میں وزیر خارجہ شہری کو چیلنج دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان کے کسی بھی تھانے میں ڈیڑھ گھنٹے کے اندر بغیر سفارش مقدمہ یا کسی ادارے میں بغیر رشوت کام کروا کر دکھائیں ۔
وزیر خارجہ نے بزرگ شہری سے کہا کہ جو اچھا کام کر رہے ہیں انہیں شاباش دینی چاہیے۔
حیران کن طور پر قونصل خانے کی تمام ونڈوز وزیر خارجہ کے اچانک دورے کے موقع پر آپریشنل تھیں اور تصدیق کے لیے تمام افراد سے کاغذات ہر ونڈو پر وصول کیے جارہے تھے۔

