پاکستان

ہزارہ کا دھرنا جاری، مارچ کا اعلان

اپریل 13, 2019

ہزارہ کا دھرنا جاری، مارچ کا اعلان

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی سبزی منڈی میں خود کش حملے کے خلاف ہزارہ برادری نے دھرنا دیا ہوا ہے جس کی سربراہ جلیلہ حیدر ایڈووکیٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کے خلاف اسلام آباد تک احتجاجی لانگ مارچ کریں گی ۔

کوئٹہ کی ہزار گنجی سبزی منڈی میں خود کش حملے کا واقعہ جمعے کی صبح پیش آیا جس میں جب ہزارہ قبیلے کے آٹھ افراد سمیت کم از کم 20 لوگ ہلاک اور 40 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے ۔

اس واقعے کے بعد ہزارہ قبیلے کے افراد اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور مغربی بائی پاس پر ہزارہ ٹاؤن کے قریب دھرنا دیا ہے۔

بلوچستان کے وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ہزارہ برادری کے دھرنے کو ختم کروانے کے لیے شرکا سے ملاقات کی لیکن انھوں نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کیا ہے ۔

دھرنے کے شرکا کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

ادھر سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے اس واقعے کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے