شہباز شریف پر الزامات کی تفصیل طلب
رضوان عارف
پاکستان کی سپریم کورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ ریفرنس میں نامزد ملزم شہباز شریف کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر درخواست پر نیب کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملزمان کے خلاف الزامات کا تفصیلی چارٹ پیش کیا جائے ۔
قومی احتساب بیورو کی درخواست سننے والے تین رکنی بنچ کے سربراہ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا ہے کہ کیس کی حساسیت سے آگاہ ہیں تاہم اس مقدمے میں دو معیار رکھے گئے ہیں ۔
آشیانہ ریفرنس میں لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سابق وزیراعلی شہباز شریف اور بیورو کریٹ فواد حسن فواد کو ضمانت دے رکھی ہے جس کی منسوخی کے کیے نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔
جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی تو نیب کی جانب سے وکیل نعیم بخاری اور شہباز شریف کی طرف سے اشتر اوصاف ایڈووکیٹ پیش ہوئے ۔
جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اس کیس کے دو زاویے ہیں، ایک طرف وہ ملزم ہیں جن کی ضمانت ہو چکی اور دوسری طرف وہ ہیں جن کی ضمانت نہیں ہوئی ۔
جسٹس شیخ عظمت سعید نے کہا کہ وکیل نعیم بخاری کی ان تھک کوششوں کے باوجود یہ دونوں باتیں ہمارے زہن میں ہیں ۔
وکیل نے کہا کہ نیب نے اضافی دستاویزات جمع کروا دی ہیں ۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہر ملزم کیخلاف لگائے گئے الزامات سے آگاہ کیا جائے، ملزموں پر لگے الزامات پر مبنی چارٹ بنا کر پیش کریں، جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ ہم اس کیس کی حساسیت سے آگاہ ہیں ۔
مقدمے کی سماعت 15 مئی تک ملتوی کر دی گئی ۔

