پاکستان

وزیراعظم کی عوام سے ٹیکس دینے کی اپیل

جون 10, 2019

وزیراعظم کی عوام سے ٹیکس دینے کی اپیل

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر عوام سے ٹیکس میں حصہ لینے اور ٹیکس ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔

قوم کے نام وزیراعظم کے ایک ریکارڈڈ پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں سب سے کم پاکستانی ٹیکس دیتے ہیں، 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں سب شرکت کریں، ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک اُوپر نہیں اٹھے گا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں سے متعلق ہمارے پاس بہت سی معلومات ہیں، پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس کی معلومات آرہی ہیں جو پہلے کبھی کسی حکومت کے پاس نہیں تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ”عوام سے کہتا ہوں کہ جن کا پیسہ باہر پڑا ہوا ہے وہ 30 جون تک اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم میں شریک ہوں اور اس سے فائدہ اٹھائیں اس کے بعد انہیں موقع نہیں ملے گا۔“

عمران خان کا کہنا تھا کہ عظیم قوم بننا ہے تو ہمیں خود کو تبدیل کرنا پڑے گا، قوم میں جذبہ آگیا تو ہم ہر سال 10 ہزار ارب روپے اکھٹا کرسکتے ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا پڑے گا، عوام آگے بڑھیں اور موقع دیں کہ ہم اس ملک کو پیروں پر کھڑا کریں اور لوگوں کو غربت سے نکالیں۔

 خیال رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت رواں مالی سال کے دوران معاشی ترقی کا طے شدہ ہدف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔

معاشی ترقی کی طے کی گئی شرح نمو 6.2 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 3.3 فیصد رہی، زراعت اور صنعت کے شعبوں کی ترقی کے اہداف حاصل نہ ہو سکے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے