کھیل

انڈیا جان بوجھ کر ہارا؟

جولائی 1, 2019

انڈیا جان بوجھ کر ہارا؟

کرکٹ کے عالمی کپ کے میچ میں انڈیا کی انگلینڈ سے شکست پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین اس ہار میں سازش تلاشنے میں سب سے آگے ہیں۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس بھی انڈیا کی کارکردگی سے مایوس ہوئے ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ کچھ چیمپیئنز آج کھل کر سامنے آ گئے۔

وقار یونس کے مطابق کچھ چیمپیئنز کی سپورٹس مین شپ کا امتحان تھا اور وہ بری طرح ناکام ہوئے۔

پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز سے وابستہ اینکرز جن کو تقریبا ہر شعبے کا ماہر یا تجزیہ کار سمجھا جاتا ہے، انڈیا کی شکست کو اس کی پاکستان کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کرنے کی حکمت عملی بتا رہے ہیں۔

حامد میر، کاشف عباسی اور شاہزیب خانزادہ نے میچ کے بعد دھونی کی بلے بازی پر سوال اٹھائے ہیں۔

بعض صارفین نے کمنٹیٹرز سارو گنگولی اور ناصر حسین کے حوالے بھی دیے جنہوں نے آخری پانچ اوورز میں انڈیا کی سست روی اور ایم ایس دھونی کے رنز نہ بنانے پر حیرت ظاہر کی تھی۔

ناصر حسین نے کہا کہ ان کو اس موقع پر دھونی سے تیز رفتار رنز کی امید ہے کیونکہ اب تو انڈین شائقین سٹیڈیم سے مایوس ہو کر جا رہے ہیں جس پر گنگولی نے کہا کہ ان کے پاس دھونی کے سنگل بنانے کی وضاحت نہیں۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی اور انڈین صارفین ایک دوسرے کو گالیاں دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ کروڑوں پاکستانی شائقین نے انگلش ٹیم کے خلاف انڈیا کو سپورٹ کیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے