حاصل بزنجو کے کتنے ووٹ؟
پاکستان میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ جمہوریت پر جو وار ہوا ہے اس کا سینیٹ چیئرمین کے الیکشن میں ازالہ ہوگا۔ سیاسی جماعتوں کو توڑنے کی کوشش کا جواب سینیٹ میں دیں گے۔
نیشنل پارٹی کے صدر اور چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد امیدوار میر حاصل بزنجو کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ”سب کی مشکور ہوں مجھے بلایا۔ جمعرات کو نواز شریف سے ملاقات کا وقت ہے ابھی لاہور واپس جانا ہے جمہوریت پر جو وار ہوا کل اس کا جواب ہے۔“
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو توڑنے کی جو کوشش ہوتی ہے یہ اس کا جواب ہے۔
عشائیے میں 62 ارکان نے شرکت کی۔ سینیٹر مصدق ملک قریبی عزیز کی وفات کی وجہ سے نہیں پہنچے جبکہ کامران مائیکل نیب کی حراست میں ہیں اور ن لیگ کے چوہدری تنویر بیرون ملک ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کے امیدوار میر حاصل بزنجو نے کہا کہ قائدین کا مشکور ہوں کہ عزت بخشی اور نیشنل پارٹی کی دعوت میں شریک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ”میرا چیئرمین بننا اہم نہیں لیکن اگر کوئی اپوزیشن سینیٹر ووٹ نہیں دے گا تو یہ اس کو اپنی جماعت پر عدم اعتماد ہوگا۔“ سینیٹر حاصل بزنجو کی جانب سے دئے گئے عشائيہ ميں شہبازشریف، مریم نواز، مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، شیری رحمان اور سلیم مانڈوی والا، مشاہد حسین سید، رحمان ملک، مصطفی نواز کھوکھر، پرویز رشید، میاں افتخار حسین نے شرکت کی۔

