دبئی، سوشل میڈیائی شوباز گرفتار
Reading Time: < 1 minuteدبئی میں پولیس نے ایک ایسے ایشیائی باشندے کو گرفتار کر لیا ہے جس نے سڑک پر کرنسی نوٹ اڑانے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شئیر کی تھی۔
دبئی پولیس کی سیکورٹی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرنل فیصل نے بتایا کہ ایک تیس سالہ ایشیائی باشندے کی ’شو آف‘ کے لیے اماراتی درہم اچھالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
گلف نیوز کے مطابق کرنل فیصل نے بتایا کہ اس شخص کو دبئی پولیس کے سائبر کرائم کے شعبے نے شناخت کر کے گرفتار کیا۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے ویڈیو سوشل میڈیا سیلبرٹی بننے اور لائکس اور فالوورز حاصل کرنے کے لیے بنائی تھی۔
کرنل فیصل القاسم نے کہا کہ لوگوں کو قانون کا پتہ ہونا چاہیے کیونکہ قانونی سے بے خبر کو عذر تسلیم نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس طرح کی حرکتوں کے نتائج کا علم ہونا چاہیے کیونکہ قانون کے مطابق سوشل میڈیا پر افواہوں اور ملک کی بدنامی والے مذاق پر بھی کارروائی ہوتی ہے اور دبئی کے قانون کے مطابق ایسے شخص کو جیل بھجوانے کے ساتھ ایک ملین درہم جرمانہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
دبئی پولیس کے مطابق کرنسی نوٹ اچھالنے والے شخص کا عمل غیر مناسب اور غیر مہذب تھا۔