’مودی کو شرم دلانے کا نادر نسخہ‘
Reading Time: 2 minutesناصر مغل
وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں کشمیرکے مسئلے پر ہرہفتے میں ایک دن احتجاج کے لیے مختص کرنے کی ”ڈاکٹرائن“ دی ہے۔ اپنی طرز کے اس انوکھے فیصلے کے ذریعے بھارتی وزیراعظم کوشرم دلائی جائے گی۔ اس دوران جی بھر کے گالیاں، بددعائیں اور کوسنے بھی دیے جاسکتے ہیں۔ چونکہ اس بارے میں وزیراعظم نے کوئی تنبیہ یا تہدید جاری نہیں کی اس کا مطلب ہے کہ مودی کوہرطرح سے لعنت ملامت کی کھلی چھٹی ہوگی۔
ادھرامریکی صدرٹرمپ نے ثالثی کی فیاضانہ پیشکش واپس لے لی ہے جس کی بنیاد پر دورہ امریکہ کو گلوریفائی کیا جا رہا تھا۔ جی سیون اجلاس کے سائیڈ لائن پرٹرمپ اورمودی کی ملاقات کی کوریج بتاتی ہے کہ دنیا میں عزت دار ملک اصل میں کون سا ہے، اور کن قوموں کے رہنماؤں کا کیا وزن ہے۔ اس ملاقات کی ”ہزارداستان“ تصویر اعلیٰ درجے کے ممالک اورنچلے درجے کی قیادتوں کا فرق روز روشن کی طرح واضح کر رہی ہے۔
جب سے کشمیر کے مسئلے نے نیا رخ اختیار کیا ہے، تب سے ہمارا زور لعن طعن پر بہت زیادہ ہے۔ کبھی مودی کو، کبھی عربوں کو، کبھی دیگر ملکوں کو۔ اس دوران ہم ٹیپوسلطان بننے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی یہ خوف بھی دامن گیرہے کہ جنگ ہمارے خلاف چلی گئی تو کیا ہوگا۔ شیرمیسور کو دنیا کی تاریخ حریت میں بڑامنفرد مقام حاصل ہے اور ان کی بے پناہ عزت ہے، بھارت میں ان کے مزار پر ہندو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ لیکن اس عظیم شخص کی مٹی جس طرح ہمارے ہاں پلید کی گئی ہے۔ الامان والحفیظ۔
لگے ہاتھوں بعض دانشوریہ بھی کہہ رہے ہیں کہ سابق بھارتی وزیرارون جیٹلی نے 370 کے خاتمے کا مسودہ بنایا تھا لہٰذامرگیا! لیکن سشماسوراج کیوں مری،اس بارے میں ابھی کوئی تحقیق نہیں آئی۔ہوسکتاہے کہ خوف سے ہی مرگئی ہو۔
اس موقع پرپاکستان کی سیاسی قیادت پہلی بارسامنے نظرآرہی ہے۔ حالاں کہ کچھ ہونہ ہو، سیاسی رہنماؤں کاخیرمقدم، ستائش اورمبارک باد وغیرہ ہمیشہ تاخیرسے نمودار ہوتی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ اس معاملے پر بالکل ابتدامیں،روزاول سے ہماری باڈی لینگویج نے بتادیاتھاکہ ہم کیاسٹینڈلینے جارہے ہیں۔تحریک آزادی میں نریندرمودی کے لیے ہماری بددعائیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔یہ ہمارے سٹانس کی ون لائن ہے۔جہاں تک مودی کوہرجمعہ شرم دلانے کے نادرنسخے کا تعلق ہے تو بھارتی وزیراعظم اتناڈھیٹ اوربے شرم انسان ہے کہ اس کا سدھرنامشکل نظرآتاہے۔بہرحال ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ آگے اللہ کی مرضی۔