ترک معیشت تباہ کر دیں گے، ٹرمپ
Reading Time: < 1 minuteامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے شام کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو اس کی معیشت کو تباہ کر دیا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے شمال مشرقی شام سے امریکی فوجوں کو نکالنے کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کا رخ کرتے ہوئے یہ بیان دیا ہے۔
اس وقت ترک فوجیں شام میں کرد جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر حملہ آور ہونے کے لیے تیاری کر رہی ہیں اور ترک وزیر خارجہ نے پیر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنے ملک دشمن ’دہشت گردوں‘ کو تباہ کر دیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھے جانے والے پیغامات میں صدر ٹرمپ نے اپنی فوجوں کو واپس نکالنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ترکی کے لیے کرد جنگجوؤں کے خلاف کارروائی کا راستہ کھل سکے گا۔
خیال رہے کہ امریکی فوجوں کی واپسی کے فیصلے پر بہت تنقید کی جا رہی ہے اور اس میں صدر ٹرمپ کے حامی ریپلکنز بھی شامل ہیں۔
کرد فوجیں شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف اہم امریکی اتحادی تھیں۔
صدر ٹرمپ کی جانب سے اچانک کیے جانے والے اس فیصلے کو کردوں کے مرکزی گروہ نے ’پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف قرار دیا ہے جو کہ پینٹاگون اور محکمہ خارجہ کے سینئر افسران کی رائے کے خلاف ہے۔