کھیل

پاکستانی ٹیم اولمپکس میں جگہ نہ بنا سکی

اکتوبر 28, 2019 2 min

پاکستانی ٹیم اولمپکس میں جگہ نہ بنا سکی

Reading Time: 2 minutes

پاکستان ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔ 

اولمپکس کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستانی ہاکی ٹیم ہالینڈ کے خلاف دوسرے میچ میں ایک کے مقابلے میں چھ گول سے شکست کھا گئی۔

اتوار کو ہالینڈ کے شہر ایمسٹرڈیم میں کھیلا جانے والے میچ میں ہالینڈ نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا جبکہ پاکستانی ٹیم دفاعی پوزیشن میں نظر آئی۔

پہلے کوارٹر کے دوران نویں منٹ میں ہالینڈ کے کھلاڑی کیلرمین بورن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلا دی۔ 

میچ کے 17ویں منٹ میں ویندر ویردین منک نے پینلٹی سٹروک پر گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی برتری دگنی کر دی۔  پانچ منٹ بعد 22ویں اور 29ویں منٹ میں ہالینڈ کی ٹیم نے مزید گول کرکے قومی ٹیم کی ٹوکیو اولمپکس 2020 میں شرکت کی امیدوں کو ماند کر دیا۔ 

پہلے اور دوسرے کوارٹر کی طرح تیسرے کوارٹر میں بھی ہالینڈ کی ٹیم نے دو مزید گول کر کے اپنی برتری کو 0-6 کر دیا جہاں سے پاکستانی ٹیم کی واپسی ناممکن ہوگئی۔ 

قومی ٹیم کی جانب سے میچ کے چوتھے کوارٹر میں علی رضوان نے پینلٹی کارنر پر گرین شرٹس کے خسارے کو ایک گول سے کم کیا مگر تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔

اس طرح پاکستان ہاکی ٹیم کا ٹوکیو اولمپکس 2020 میں شرکت کرنے کا خواب ادھورا رہ گیا جبکہ ہالینڈ کی ٹیم اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

سنیچر کو ایمسرڈیم میں ہی کھیلے گئے کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا جس کے نیتجے میں میچ چار چار گول سے برابر ہو گیا تھا۔

اس سے قبل 2015 میں بھی پاکستانی ٹیم آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد 2016 میں برازیل میں ہونے والے اولمپکس سے تاریخ میں پہلی بار باہر ہوگئی تھی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے اولمپکس 2020 میں جگہ نہ بنا پانے کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے ردعمل کا اظہار رہے ہیں۔

ہالینڈ کے ہاتھوں شکست کے حوالے سے ایک ٹویٹر صارف اُسامہ ورک نے لکھا کہ ’یہ مت بھولیں کہ کھلاڑی اس طرح کے کھیل کے ذمہ دار نہیں ہیں، یہ 2019 میں پاکستان کا چوتھا میچ ہے جبکہ ہالینڈ کا ستائیسواں میچ۔ اس لیے کھلاڑیوں کو مورد الزام نہیں ٹھہرا سکتے۔‘

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے