پاکستان24 متفرق خبریں

خادم رضوی کے 86 ساتھیوں کو عمر قید

جنوری 16, 2020

خادم رضوی کے 86 ساتھیوں کو عمر قید

پاکستان میں راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک لبیک کے سربراہ علامہ خادم رضوی کی گرفتاری پر ہنگامہ ارائی، توڑ پھوڑ اور پولیس مزاحمت کے مقدمے میں 86 ملزمان کو مجموعی طور پر 4 ہزار 7 سو 38 سال قید سخت کی سزا سنائی ہے۔

ملزمان میں علامہ خادم رضوی کے بھائی علامہ امیر حسین رضوی اور بھتیجا محمد علی بھی شامل ہیں۔

راولپنڈی سے صحافی یاسر حکیم کے مطابق فیصلہ جمعرات کی شب سنایا گیا جس کے بعد مجرموں کو قیدیوں کی تین وین میں ایلیٹ فورس کی خصوصی سکیورٹی کے ساتھ اٹک جیل روانہ کیا گیا۔

تمام ملزمان ضمانت پر تھے جبکہ ایک ملزم ضمانت کے بعد بیرون ملک فرار ہو گیا تھا جس کے ضامن کو جرمانہ کیا گیا ہے۔

ملزمان کو مجموعی طور پر ایک کروڑ29لاکھ 25 ہزار روپے جرمانہ بھی ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ عدم ادائیگی جرمانہ پر مجرمان کو مجموعی طور پر 146 سال مزید قید کی سزا کاٹنا ہو گی۔

مجرمان کے خلاف تھانہ پنڈی گھیب میں 27 نومبر 2018 کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ مقدمے کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شوکت کمال ڈار نے کی۔

ہنگامہ آرائی کے دوران امیر رضوی، مشتاق، گلزار احمد اور محمد علی کو اسلحہ برآمدگی پر دو دو سال قید کی سزا سنائی گئی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے