پاکستان24 متفرق خبریں

عالمی عدالت کا روہنگیا مسلمانوں کے لیے فیصلہ

جنوری 23, 2020

عالمی عدالت کا روہنگیا مسلمانوں کے لیے فیصلہ

عالمی عدالت انصاف نے میانمار (برما) کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی ریاست میں اقلیتی روہنگیا مسلمانوں کی نسل کُشی کی روک تھام کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔

جمعرات کو نیدر لینڈ کے شہر دی ہیگ میں قائم عالمی عدالت انصاف کے 17 رکنی بینچ کا یہ متفقہ فیصلہ جج عبدالقوی احمد یوسف نے پڑھ کر سنایا۔

عالمی عدالت انصاف نے یہ فیصلہ افریقہ کے مسلمان ملک گیمبیا کی جانب سے دائر کردہ اس درخواست پر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف تشدد کو روکنے، ان کو محفوظ بنانے اور ماضی میں ان کے خلاف کیے گئے اقدامات کے شواہد کو محفوظ رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عدالت انصاف روہنگیا مسلمانوں کی مبینہ نسل کُشی کے خلاف میانمار پر لگائے جانے والے الزامات پر مبنی مقدمہ سننے کی مجاز ہے۔ عدالت انصاف نے اس مقدمے میں مدعی ملک گیمبیا کو مقدمے کی کارروائی جاری رکھنے کے لیے مزید مواد پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ نوبل پرائز حاصل کرنے والی میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے عالمی عدالت میں مقدمہ چلائے کی مخالفت کی تھی اور مسلمانوں کی نسل کشی کے الزامات کو جھوٹ قرار دیا تھا۔

عدالت انصاف نے قرار دیا ہے کہ میانمار نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا سے متعلق سنہ 1948 کے کنونشن کے آرٹیکل دو کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ایسے اقدامات اٹھائے جو اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی خاص نسل یا گروہ کے لوگوں کا قتل عام نہ ہو اور کسی خاص گروہ کے افراد کو ذہنی یا جسمانی نقصان نہ پہنچایا جائے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے