پاکستان

ملزم قاری کی ڈی این اے رپورٹ آ گئی

جنوری 24, 2020

ملزم قاری کی ڈی این اے رپورٹ آ گئی

مانسہرہ سے سید نعمان شاہ

خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے پڑھنہ میں مدرسہ کے دس سالہ طالب علم کے ساتھ زیادتی کیس میں مرکزی ملزم قاری شمس الدین کا ڈی این اے متاثرہ بچے سے میچ کر گیا ہے۔

پولیس زرائع کا کہنا ہے کہ جلد مقدمے کا چالان مکمل کرکے مانسہرہ کی مقامی عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن عارف جاوید کے مطابق پشاور سے رپورٹ جاری ہو چکی جو سرکاری طور پر جمعے کی شام مانسہرہ پولیس کو موصول ہو گی جس کے بعد حقائق میڈیا کو بتائے جائیں گے۔

پولیس زرائع کے مطابق مانسہرہ کے علاقے پڑھنہ میں سرکاری سکول ٹیچر قاری شمس الدین کی جانب سے مبینہ طور پر 24 دسمبر کو مدرسے کے 10 سالہ بچے یاعوس کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع پر 26 دسمبر کو تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور تین دن بعد پھلڑہ پولیس نے مرکزی ملزم شمس الدین کو دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کیا۔

مرکزی ملزم کی زیادتی کی تصدیق کے لیے ملزم کے ڈی این اے سیمپل لے کر پشاور بھیجے گئے تھے۔ ملزم کے دفاع میں جے یو آئی کے رہنما مفتی کفایت اللہ نے پریس کانفرنس بھی کی تھی جس کے بعد پارٹی نے مفتی کفایت اللہ کو ضلعی امیر کے عہدے پر کام سے روک دیا تھا۔

پشاور سے پولیس زرائع کے مطابق ملزم کا ڈی این اے سیمپل میچ کر گیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق جلد ملزم کا چالان عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔

واقع میں مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا جس میں سے دو ملزمان ضمانت پر رہا ہو گئے ہیں جبکہ تیسرے مرکزی ملزم کی درخواست ضمانت زیر سماعت ہے۔

اس حوالے سے ضلع مانسہرہ کے انوسٹی گیشن پولیس آفیسر ایس پی عارف جاوید سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا ڈی این اے کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ آچکی ہے جو آفیشل طور پر مانسہرہ پولیس کو موصول ہو گی تب ہی اس پر تفصیلی بات کی جائے گی اور میڈیا کو تمام تر حقائق سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے