سوات: تھانے پر خواجہ سرا برادری کا حملہ
عظمت گل ۔ صحافی / پشاور
پاکستان کے مشہور سیاحتی علاقے سوات میں ایک تھانے پر خواجہ سرا برادری کے افراد نے مقامی تھانے پر حملہ کیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق سوات کے مینگورہ پولیس سٹیشن میں خواجہ سراوں کی رپورٹ نہ درج کرانے پر خواجہ سرا برادری نے احتجاج کیا اور تھانے پر ہلہ بول دیا۔
مشتعل خواجہ سراوں نے مینگورہ تھانے پر پتھروں اور اینٹوں کے ٹکڑے برسائے جس کے باعث سیدو مینگورہ روڈ بھگدڑ کی وجہ سے بند ہو گئی۔
پولیس اہلکاروں نے کئی خواجہ سراوں کو گرفتارکرکے حوالات میں بند کر دیا جبکہ وہاں پر موجود افراد اور خواجہ سراؤں سے موبائل چھین لیے۔
خواجہ سرا برادری کا مؤقف تھا کہ ان پر پچھلی رات کو حملہ آورں نے فائرنگ کی اور پولیس نے گرفتا کیے ملزمان کو چھوڑ دیا ہے جبکہ بعد ازاں مزاکرات کے نام پر دو درجن سے زائد خواجہ سراوں کو حوالات میں بند کیا۔
مینگورہ تھانے کے ایس ایچ او انور خان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن پر پتھراو اور حملے کے بعد انہوں نے سیلف ڈیفنس اور ٹریفک کو بحال کر نے کیلئے قانونی کارروائی کی۔
ایس ایچ او مینگورہ کے مطابق ”خواجہ سرا نعمت علی، سجاد علی اور حسین علی کے مابین جھگڑا ہوا تھا۔ نعمت علی کے کہنے پر ملزمان کے خلاف رپورٹ درج کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزمان کو عدالت نے ضمانت دی جس پر خواجہ سرا مشعل ہوگئے اور پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا۔“

