پشتین کی گرفتاری پر احتجاج کااعلان
عظمت گل ۔ صحافی / پشاور
پاکستان میں پشاور پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو حراست میں لیا ہے جس کے بعد ان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے منظور پشتین اور ان کے چار ساتھیوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزمان ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کو مطلوب تھے۔

منظور پشتین پر 18 جنوری کو وزیرستان نائٹ پروگرام میں اشتعال انگیز تقریر کرنے پر پانچ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پیر کی صبح منظور پشتین اور ان کے چار ساتھیوں کو جوڈیشل مجسٹریٹ نوید اللہ کی عدالت میں پیش کیا گیا جنہوں نے ملزمان کو چودہ روز کے لیے جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔
ادھر اسلام آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی ایم کے رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہا کہ وہ اپنے جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے اور منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں بیرون ملک بھی احتجاج کیا جائے گا۔

