پاکستان کے سرکاری ملازمین کی تنخواہ بڑھ گئی
پاکستان کی سپریم کورٹ نے سرکاری ملازمین کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الاؤنس دینے کا حکم جاری کیا ہے۔
رپورٹ: جہانزیب عباسی
جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے اسلام ہائیکورٹ کے ڈویڑن بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے ملازمین کی اپیلیں منظور کر لیں.
عدالت نے قرار دیا وفاقی حکومت ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کر سکتی،تمام وفاقی ملازمین کو 20 فیصد سیکرٹریٹ الاونس ملے گا۔
ملازمین کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ سیکرٹریٹ الاونس صرف وزارتوں میں کام کرنے والے ملازمین کو مل رہا ہے جبکہ وزارتوں کے ماتحت اداروں کے ملازمین کو سیکرٹریٹ الاونس نہیں دیا جاتا تھا، حکومت اپنے ہی ملازمین کے درمیان امتیاز کیسے کر سکتی ہے؟
اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل بنچ نے ملازمین کو الاؤنس دینے کا حکم دیا تھا.ڈویڑن بنچ نے وفاق کی انٹراکورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے الاؤنس دینے سے روکا تھا.ملازمین نے ہائی کورٹ کے ڈویڑن بنچ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

