مہنگائی کا علم ہے، قوم اطمینان رکھے
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں غذائی اجناس کی قیمتوں میں اضافے کا ان کو علم ہے اور وہ ذمہ داروں کے محاسبہ کرنے کے ساتھ قیمتوں کو بھی کم کریں گے۔
اتوار کو ٹوئٹر پر ایک پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ ”مجھے ان مشکلات کا ادراک ہے جن کا تنخواہ دار طبقے سمیت مجموعی طور پر عوام کو سامنا ہے چنانچہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ کچھ بھی ہوجائے، میری حکومت منگل کو کابینہ کے اجلاس میں عوام کیلئے بنیادی غذائی اجناس کی قیمتوں میں کمی کی خاطر مختلف اقدامات کا اعلان کرے گی۔“
واضح رہے کہ پاکستان میں گذشتہ ایک سال سے بدترین مہنگائی نے عام لوگوں کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
وزیراعظم نے مزید لکھا ہے کہ ”اسی اثناء میں تمام متعلقہ حکومتی ادارے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے اسباب کی جامع تحقیقات کا آغاز کرچکے ہیں۔ قوم اطمینان رکھے کہ ذمہ داروں کا بھرپور محاسبہ کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دی جائے گی۔“
عمران خان کے اس پیغام پر شہریوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

