متفرق خبریں

ترک صدر کی ڈرائیوری کا بھی اعزاز

فروری 13, 2020

ترک صدر کی ڈرائیوری کا بھی اعزاز

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ وہ جمعے کو اسلام آباد میں پارلیمان کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔

نور خان ایئربیس پر وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کا استقبال کیا اور وزیراعظم ہاؤس آمد تک وزیراعظم نے خود گاڑی ڈرائیو کی جہاں مہمان صدر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

جمعرات کی شام ترک صدر رجب طیب اردوان اپنی اہلیہ کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان اور اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

نور خان بیس پر استقبال کی مختصر تقریب کے بعد عمران خان خود گاڑی چلاتے ہوئے ترک صدر کو وزیراعظم ہاؤس تک لے کر گئے۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر اردوآن کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا جس کے بعد عمران خان نے ترک صدر سے وزراء کا تعارف کرایا۔

ترک صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ترک صدر کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

ترک صدر دو روز پاکستان میں قیام کے دوران صدر مملکت ، اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ سمیت عسکری حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ترک صدر کے ہمراہ ان کی کابینہ کے وزراء سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان پہنچا ہے۔ اس دورہ میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے معاہدوں پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان جمعہ کی صبح 11 بجے ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے جس میں شرکت کے لئے مہمانوں کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں جب کہ سیکیورٹی کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے