پاکستان24 متفرق خبریں

’ملکی مسائل کا صرف ایک حل ہے‘

فروری 14, 2020

’ملکی مسائل کا صرف ایک حل ہے‘

پاکستان کے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک میں فوری نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں، ان ہاؤس تبدیلی سے بھی نظام نہیں چلے گا بلکہ زیادہ بری کھچڑی پکے گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مفتاح اسماعیل کے علاوہ کوئی ملکی معیشت کو نہیں سنبھال سکتا۔

”پاکستان کے مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں روایتی انتخابات نہیں، حقیقی معنوں میں آزادانہ، غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات سے ہی مسائل کا حل ممکن ہے۔“

سابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو انتخابات میں آزادانہ طور پر اپنی نئی حکومت منتخب کرنے کا حق دیا جائے۔ ”مجھ پر نیب کے نئے ریفرنس کا واحد مقصد دبائو میں لانا ہے، مجھ پر پہلا ریفرنس 46 ارب کا تھا اب تیرہ کروڑ کا ہے۔“

انہوں نے کہا کہ وزیر کا ایم ڈی پی ایس او کے تقرر سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ ”ایم ڈی پی سی او کی تقرری بورڈ نے پراسس کے تحت کی تھی نیب آرڈیننس کے مطابق تقرری میں پروسیجرل غلطی کی بنیاد پر ریفرنس دائر نہیں ہوسکتا۔ نیب آرڈیننس کے تحت راجہ پرویز اشرف کی رہائی کا فیصلہ بھی آچکا ہے، نیب نے اس کے باوجود مجھ پر ریفرنس دائر کردیا ہے مجھے اپنے خلاف نیا نیب ریفرنس دائر ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔“

انہوں نے کہا کہ نوازشریف سمیت مسلم لیگ ن کے کسی رہنما پر کرپشن کا کوئی کیس بنایا نہیں جا سکا، نوازشریف کو بیٹے سے پیسے لینے پر نااہل قرار دیا گیا۔ ”مجھ پر، احسن اقبال ، سعد رفیق سمیت کسی پر بھی کرپشن کا کیس نہیں۔“

شاہد خاقان کا کہنا تھا کک مولانا فضل الرحمان نے اپنی سیاسی طاقت ثابت کردی، مولانا فضل الرحمان کی اصل ناراضگی ہم سے نہیں چوہدری پرویز الہی سے ہے۔ ”مولانا فضل الرحمان سے وعدے تو چوہدری پرویز الہی نے کیے تھے۔“

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے