لال مسجد جمعے کو بند رہے گی
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں مشہور مرکزی جامع مسجد (لال مسجد) کو ایک بار پھر جمعے کے دن بند کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تین جمعے لال مسجد میں عام شہریوں کو نماز کی ادائیگی سے روکا گیا تھا جس کے بعد مولوی عبدالعزیز اور اسلام آباد انتظامیہ میں معاہدہ طے پایا تھا۔
سنہ 2007 کے فوجی آپریشن کے بعد حکومت نے مولوی عبدالعزیز کو لال مسجد کی خطابت اور محکمہ اوقاف کی ملازمت سے برطرف کر دیا تھا جس کے بعد انہوں نے جی سیون میں ایک مسجد اور مدرسہ سنبھالا تھا۔
مولوی عبدالعزیز تین ہفتے قبل دوبارہ لال مسجد آ گئے تھے۔ ان کی اہلیہ اور دو سو کے لگ بھگ طالبات بھی لال مسجد سے ملحقہ کمروں میں رہائش پذیر ہیں۔
مولوی عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ ان کو مسجد میں نماز پڑھانے سے روکا نہیں جا سکتا جبکہ ان کی اہلیہ جامعہ حفصہ کی دوبارہ تعمیر کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
سنہ 2011 میں حکومت نے جامعہ حفصہ کے لیے سیکٹر ایچ الیون میں جگہ مختص کی تھی مگر اس معاہدے پر باقاعدہ عمل کے لیے زمین کی الاٹمنٹ نہ کی گئی۔

