’پاکستان ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے‘
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے پاکستان کی پارلیمان سے خطاب میں کہا ہے کہ پاک ترک دوستی مفاد نہیں محبت سے پروان چڑھی ہے اور پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔
رجب طیب اردوغان نے کہا کہ پاکستان ترقی و خوش حالی کی جانب گامزن ہے۔ ’اقتصادی ترقی چند دنوں میں حاصل نہیں ہوتی، اس کے لیے مسلسل محنت کرنا پڑتی ہے۔‘
جمعے کو پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر طیب اردوغان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان میں خود کو کبھی اجنبی محسوس نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’کشمیر ہمارے لیے بھی وہی ہے جو آپ کے لیے ہے۔ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ پاکستان کی خوشی ہماری خوشی اور پاکستان کا دکھ ہمارا دکھ ہے۔‘
ترک صدر نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے فورم پر پاکستان کو تعاون کا یقین دلایا جہاں پاکستان کو گرے لسٹ سے بلیک لسٹ ہونے کا خطرہ ہے۔
اردوغان کا کہنا تھا کہ ’تمام تر دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایف اے ٹی ایف میں بھرپور حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔‘
ترک صدر نے کہا کہ ترکی کی تحریک آزادی میں پاکستانی خواتین نے زیور اور بزرگوں نے جع پونجی نچھاور کر دی تھی۔

