آفریدی کے گھر پانچویں رحمت کا نزول
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے ہاں پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر یہ خبر شیئر کرتے ہوئے پانچوں بیٹیوں کے ساتھ تصویر بھی لگائی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے شاہد آفریدی کو مبارکباد دی ہے اور اس وقت ان کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔
صحافی مطیع اللہ جان نے ان کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’شاہد آفریدی کی فانٹاسٹک فائیو۔ اللہ تعالی آپ کے اہل خانہ پر اپنی رحمتیں نازل کرے۔‘
اینکر آرزو کاظمی نے شاہد آفریدی سے کہا ہے کہ وہ آبادی کو کنٹرول کرنا کب سیکھیں گے؟ کیا چار بیٹیاں کافی نہیں تھیں؟ ’کہیں لڑکے کی خواہش میں لڑکیوں کی کرکٹ ٹیم تو نہیں بنا رہے۔ اگر زیادہ بچوں کا شوق ہے تو پھر کسی بھی یتیم کی کفالت کر لیں۔‘
اداکار و گلوکار فخر عالم نے لکھا ہے کہ ’بہت بہت مبارک ہو۔ آپ پر اللہ کی رحمتیں ہیں۔‘
سندے تھاپڑ نامی ایک ٹوئٹر ہینڈل سے شاہد آفریدی کو لکھا گیا ہے کہ ’اس ذہنیت کو سمجھیں۔ یہ اس وقت تک بس نہیں کریں گے جب تک لڑکا نہ مل جائے۔ اور اس کوشش میں یہ پاکستان میں خواتین کی کرکٹ ٹیم پیدا کر لیں گے۔‘
اینکر ثنا بچہ نے شاہد آفریدی کو پشتو میں مبارک باد دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’مبارک شہ، لالا۔‘

