چین میں کورونا سے 1900 ہلاکتیں
Reading Time: < 1 minuteچین کے صوبہ ہوبائی کے شہر ووہان سے پھیلنے والی وبا کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1900 تک پہنچ گئی ہے جبکہ محکمہ صحت کے مطابق متاثرین 72 ہزار ہیں۔
منگل کو عالمی ادارہ صحت نے وبا پر عالمی ردعمل کو حد سے زیادہ قرار دیتے ہوئے اس کے نقصان سے خبردار کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گبریوسس نے منگل کو جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’صورت حال کے مطابق اقدامات کرنا چاہئیں، سب کچھ بند کر دینے سے فائدہ نہیں ہوگا۔‘
ڈبلیو ایچ او کے مطابق کورونا سے متاثرہ مرکزی علاقے ووہان سے باہر اس وائرس نے انتہائی معمولی آبادی کو نشانہ بنایا ہے اور وہاں شرح اموات بھی بہت کم ہے۔
وبا کے پھوٹنے سے عالمی معیشت کو خطرہ لاحق ہوا ہے کیونکہ چین کی حکومت نے آبادی کے ایک بڑے حصے کو حفاظتی اقدامات کے تحت الگ تھلگ کر دیا ہے۔ آئی فون بنانے والی ایپل سمیت دنیا کی بڑی کمپنیوں نے پیداوار میں کمی کا خطرہ ظاہر کیا ہے۔