سعودیہ میں پاکستانیوں کو مسئلہ نہیں
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے خلاف کریک ڈاون اور ان کو نکالنے کی خبریں درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن اور ورکرز کے خلاف سعودی حکومت ہر سال اسی طرح کارروائی کرتی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ سعودی حکومت ہر سال رمضان سے قبل سعودی عرب میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد اور ورکرز کے خلاف کریک ڈاون کرتی ہے۔
”یہ کریک ڈاون خصوصی طور پر پاکستانیوں کے خلاف نہیں ہے بلکہ سعودی حکام نے دیگر ملکوں کے شہریوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔“
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ’پاکستانی قونصل خانے کے حکام سعودی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان سعودی قواعد و ضوابط کا احترام بھی کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کے مفادات کا تحفظ بھی کیا جا رہا ہے۔‘
ترجمان نے زور دیا کہ ’سوشل میڈیا پر ایسی خبریں دینے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے پاکستانی کمیونٹی میں غیر ضروری پریشانی اور تذبذب پھیلتا ہے۔‘
عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان انتہائی اہم، دیرینہ اور سٹریٹیجک تعلقات ہیں اور دونوں ملک ایسی بے بنیاد خبروں کو مسترد کرتے ہیں۔

