ایران نے انڈیا کی مذمت کر دی
ایران کی حکومت نے انڈین مسلمانوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے مودی حکومت سے معاملات کو سلجھانے کے لیے کہا ہے۔
پیر کو ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹویٹ میں کہا کہ ایران انڈین مسلمابنوں کے خلاف منظم تشدد کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدیوں سے ایران اور انڈیا کے بہترین مراسم چلے آ رہے ہیں اور وہ دوست ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ وہ انڈین حکام سے کہتے ہیں کہ مسلمانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور پاگل پن کو روکیں۔
جواد ظریف کے مطابق آگے بڑھنے کا راستہ پرامن مذاکرات اور قانون کی حکمرانی ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں شہریت کے متنازع قانون کے بعد مسلمانوں پر انتہاپسند ہندو تنظیموں کے کارکنوں کے حملوں میں 48 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں خاندانوں کے گھر اور کاروبار جلا دیے گئے ہیں۔

