متفرق خبریں

ناصر بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

مارچ 5, 2020

ناصر بٹ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

جج ویڈیو سکینڈل کے مرکزی کردار ناصر بٹ کے خلاف 24سال پرانے قتل کیس کا ٹرائل دوبارہ شروع کر دیا گیا، عدالت نے ن لیگ لندن کے رہنما کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ملزم کو 10مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

راولپنڈی سے صحافی یاسر حکیم کے مطابق ناصربٹ کے خلاف تین افراد کے قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج شاہد ضمیر نے کی، علاقہ مجسٹریٹ کی جانب سے مقدمہ کا ریکارڈ عدالت میں بجھوایا گیا۔

پراسیکیوٹر جاوید اقبال بھٹی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پولیس نے ملزم کو غیر قانونی طورپر مقدمہ میں بے گناہ ثابت کرکے ڈسچارج کیا،ناصربٹ مقدمہ میں اشتہاری ملزم ہے،عدالت ملزم کو طلبی کا سمن جاری کرے،فاضل عدالت نے ملزم ناصر بٹ کے بلا ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 10مارچ تک ملتوی کر دی۔

سماعت کےدوران مقدمہ کے مدعی اسرارالحق ملک ایڈووکیٹ کی جانب سے ہائی کورٹ بار راولپنڈی کے صدر ملک وحید انجم عدالت پیش ہوئے، اپنا وکالت نامہ جمع کرایا۔

یاد رہے کہ ناصر بٹ کے خلاف تین افراد کے قتل کا کیس 5اکتوبر 1996میں درج کیا گیا تھا، ایف آئی آر کے مطابق چاندنی چوک میں فائرنگ کرکے اکرام الحق، انوار الحق اور ان کے ڈرائیور گلفراز عباسی کو قتل کیا گیا تھا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے