شہزادے نے شاہی خاندان کے اہم افراد گرفتار کرا دیے
سعودی عرب میں حکومت پر قبضے کی کوشش کے الزام میں شہزادہ محمد بن سلمان نے فرمانروا شاہ سلمان کے چھوٹے بھائی سمیت شاہی خاندان کے تین افراد کو جیل میں ڈال دیا ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق محمد بن سلمان سعودی حکومت پر اپنی گرفت مضبوط کر رہے ہیں اور اختلاف کرنے والے شاہی خاندان کے افراد کو جیلوں میں ڈال رہے ہیں۔
اخبار نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ جمعے کو ایک کارروائی میں محمد بن سلمان کے حکم پر خفیہ ادارروں کے ماسک پہنے اہلکاروں نے بادشاہ سلمان کے چھوٹے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز سمیت تین اہم شخصیات کو گھروں سے اغوا کیا۔
رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اپنی حکومت کے لیے خطرہ بننے کی صلاحیت رکھنے والے سینکڑوں افراد کو جیلوں میں ڈال چکے ہیں جبکہ سوشل میڈیا ناقدین پر بھی شکنجہ کس رہے ہیں۔
واضح رہے کہ صحافی جمال خاشقجی کے استنبول میں قتل کا الزام بھی شہزادے پر لگایا گیا تھا۔
34 سالہ محمد بن سلمان کو اس وقت شاہ سلمان سے بھی زیادہ طاقتور سمجھا جاتا ہے اور وہ اگلے بادشاہ بننے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔
امریکی اخبار کے مطابق گرفتار کیے گئے دوسرے شخص محمد بن نائف ہیں جو محمد بن سلمان سے قبل شہزادے اور اگلے بادشاہ بننے کے امیدوار تھے۔ وہ مملکت کے وزیر داخلہ بھی رہ چکے ہیں۔

