پاکستان

جے یو آئی نے مارچ اہم پیغام پر ختم کیا

مارچ 7, 2020

جے یو آئی نے مارچ اہم پیغام پر ختم کیا

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان اور سابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا یہ کہنا کہ جے یو آئی کے آزادی مارچ کے خاتمے کے لیے حکومت نے کوئی وعدہ نہیں کیا تھا، سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اور ادارے اب ایک پیج پر نہیں رہے۔

وزیر داخلہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ اعجاز شاہ جس ادارے میں رہے ہیں اور جس ادارے کی سفارش پر انہیں موجودہ حکومت میں لیا گیا ان کی اس حوالے سے بے خبری اور بے وفائی قابل حیرت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سزیراعظم نے پرویز خٹک کی سربراہی میں اسپیکر اور دیگر ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی تھی اور مذاکرات کی ناکامی کے بعد چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی کو جس نے نامزد کیا تھا، کیا وہ علم میں نہیں۔

ترجمان کے مطابق عجیب بے خبری ہے کہ ملک کے وزیرداخلہ کو بھی اس کا علم نہیں ہوسکا کہ چودھری برادران کو کس نے بھیجا تھا جبکہ خود چوہدری پرویز الٰہی یہ بات کررہے ہیں کہ انہوں نے جے یو آئی کے ساتھ جو طے کیا تھا امانت ہے اور وقت پر بتائیں گے اور یہی بات مولانا فضل الرحمن نے بھی کی ہے کہ ان سے جن لوگوں نے چوہدری برادران کو بھیج کر بات چیت کا آغاز کیا تھا انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے۔

حافظ حسین احمد نے کہا کہ اس وقت مارچ کے مہینے میں جو صورتحال ہے اگرچہ مسلم لیگ ن وعدے کے مطابق نومبر میں اپنے حالات کی وجہ سے نہیں نکلی سکی اور جنوری کا جو وعدہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی نے کیا تھا وہ بھی پورا نہیں ہوسکا اب مارچ شروع ہے اور دونوں نے مارچ میں مارچ کی بات کی ہے لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ اس وقت مارچ میں جو حالات بدل رہے ہیں ان کا سہرا آزادی مارچ کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی حلیف جماعتوں کے ساتھ اپوزیشن کے رابطے ہیں لاہور والے اگر کراچی پہنچے ہیں اور کراچی والے پنجاب والوں سے پینگیں بڑھا کر اسلام آباد والوں کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں اور اس صورت میں اس وقت پیپلز پارٹی کا رخ سندھ کے بجائے لاہور پنجاب کی طرف ہوچکا ہے اس بات کی دلیل ہے کہ اس وقت یقینا ادارے اور حکومت ایک پیج پر نہیں ہیں جس کی نشاندہی خود اعجاز شاہ نے کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ماضی میں جس طرح تحریک انصاف نے اپنے دھرنے میں انگلی اٹھانے کی بات کی تھی اور 2018ء کے انتخابات میں جو کچھ ہوا تھا اس کے بعد یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے جو آزادی مارچ کیا تھااور جو یقینا دہانی کرائی گئی تھی یقینا عوام کو جے یو آئی کا موقف سمجھ آچکا ہے اور وزیر داخلہ اعجاز شاہ اپنا ریکارڈ درست کریں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے