نیب کے تفتیشی افسر راستے میں ہی رہ گئے
احتساب عدالت اسلام آباد میں اس سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی ریفرنس کی سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی گئی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے پیشی کے بعد کہا کہ نیب کو صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف جلد وطن واپس آئیں گے۔ حکومت مہنگائی کے مسئلہ پر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے۔
احتساب عدالت اسلام آباد میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کیخلاف ایل این جی ریفرنس پر سماعت جج اعظم خان نے کی۔ نیب کے تفتیشی افسر وقت پر عدالت نہ پہنچ سکے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ عدالت میں ابھی تک ریفرنس پیش نہیں کیا گیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنس کی تیاری حتمی مراحل میں ہے اگلی سماعت تک دائر کردیں گے۔ شاہد الاسلام کو اشتہاری قرار دینے کے حوالے سے پیش رفت رپورٹ تفتیشی افسر عدالت کو دیں گے۔ تفتیشی افسر راستے میں ہی ہے تھوڑی دیر میں رپورٹ پیش کر دیں گے۔ عدالت نے مزید سماعت یکم اپریل تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھ ماہ گزر گئے، نیب الزامات ثابت نہیں کر سکا۔ نئے ترمیمی آرڈیننس کے بعد اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ختم ہوچکا۔ صرف پولیٹیکل انجینئرنگ کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف جلد لندن سے پاکستان واپس آئیں گے۔ برطانیہ کو لکھے گئے خط کا کوئی سفارتی جواز موجود نہیں ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ مہنگائی سے متعلق حکومت پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے۔

