پاکستان24 عالمی خبریں

افغانستان میں دو صدر بن گئے، الگ الگ حلف

مارچ 9, 2020

افغانستان میں دو صدر بن گئے، الگ الگ حلف

افغانستان کے صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری کے دوران صدارتی محل کے قریب راکٹ حملے ہوئے ہیں۔

تقریب میں بھگدڑ مچ گئی تاہم اشرف غنی نے سٹیج چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا وہ مرنے کو ترجیح دیں گے۔

پیر کو افغانستان میں اشرف غنی کے علاوہ ایک الگ تقریب میں عبداللہ عبداللہ نے بھی صدر کا حلف اٹھایا ہے جن کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ الیکشن میں ان کو کامیابی ملی ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان کے الیکشن کمشن نے گذشتہ برس ستمبر میں ہونے والے انتخابات میں اشرف غنی کو کامیاب قرار دیا ہے۔

کابل کے صدارتی محل میں اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں دھماکوں کی آواز سنی گئی اور ان کو اپنی تقریر روکنا پڑی۔

اس دوران صدر اشرف غنی نے اپنے کوٹ کو ہاتھوں سے ہٹاتے ہوئے قمیض دکھائی اور سینہ تان کر کہا کہ انہوں نے بلٹ پروف جیکٹ نہیں پہنی ہے، اور یہ کہ ان کا سینہ افغان عوام پر قربان ہونے کے لیے حاضر ہے۔

افغانستان کے الیکشن کمشن کے صدارتی نتائج کو امیدوار اور گذشتہ دور کے چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے خود کو ملک کا صدر قرار دیا تھا۔

پیر کو ایک جانب کابل کے صدارتی محل میں اشرف غنی کی تقریب حلف برادری جاری تھی تو قریب ہی واقع چیف ایگزیکٹو کے دفتر میں عبداللہ عبداللہ نے بھی صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے