اسلام آباد میں ایف 16 گر کر تباہ
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں فضائیہ کا جیٹ طیارہ گر گیا۔ پاکستان ایئر فورس نے تصدیق کی ہے کہ ایف 16 شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق بدھ کی صبح تقریباً 10 بج کر 55 منٹ پر اسلام آباد میں یہ طیارہ اس مقام کے قریب گرا ہے جہاں پر 23 مارچ کو یوم پاکستان کی تقریبات منعقد ہوا کرتی ہیں۔ اس جگہ آبادی نہیں ہے۔

اسلام آباد میں جائے حادثہ کا کنٹرول فوج نے سنبھال لیا جبکہ ایئر فورس نے پائلٹ نعمان اکرم کی موت کی تصدیق کی۔
پاکستان فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنگی طیارہ ایف سولہ 23 مارچ کو منعقد ہونے والی یوم پاکستان کی تقریبات کے حوالے سے تیاریوں میں شریک تھا کہ شکر پڑیاں کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ بیان کے مطابق اس حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
ونگ کمانڈر نعمان اکرم ایئرفورس کی جانب سے ہونے والے انٹرا سکواڈرن آرمامنٹ کمپیٹیشن 2019 میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے فاتح رہے تھے جس پر انہیں شیرافگن ٹرافی دی گئی تھی۔

