پاکستان

جدہ ٹاؤن ہاؤسنگ فراڈ کیس میں ڈپٹی کمشنر طلب

مارچ 11, 2020

جدہ ٹاؤن ہاؤسنگ فراڈ کیس میں ڈپٹی کمشنر طلب

اسلام آبا د ہائیکورٹ نے جدہ ٹاؤن نامی ہاؤسنگ سوسائٹی فراڈ کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کوزاتی حیثیت سے طلب کر کے وضاحت طلب کی ہے۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ یہ سی ڈی اے کی ناکامی ہے سپریم کورٹ کے سنہ 2011 کے فیصلے پر عمل نہیں ہوا، عدالتی حکم کو اہمیت نہ دینا ظلم کی انتہا ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں سے جدہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر مبینہ فراڈ کا معاملہ،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔

متاثرہ اوور سیز پاکستانی حمید الحق عباسی کے وکیل مدثر خالد عباسی کے مطابق عدالت نے ڈائریکٹر سی ڈی اے سے پوچھا کیاسپریم کورٹ کے حکم پر عمل د ر آمد ہوگیا ہے؟سی ڈی اے کی ناکامی ہے سپریم کورٹ کے دو ہزار گیارہ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوا، یہ ظلم کی انتہا ہے عدالتی حکم کو اہمیت نہیں دی گئی۔ڈائریکٹر سی ڈی اے نے کہا یہ معاملہ نیب کے پاس بھی رہا۔جسٹس محسن کیانی نے کہا نیب تو ایسا ادارہ ہے جو ہوا میں ہے کیا اسے زمین پر لائیں؟عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل در آمد نہ ہونے پر سی ڈی اے کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے ڈی سی کو ذاتی حیثیت سے طلب کرتے ہوئے سماعت سترہ اپریل تک ملتوی کردی۔واضح رہے دو ہزار دس میں حمید الحق عباسی نامی اوورسیز پاکستانی نے چیف جسٹس آف پاکستان کو انسانی حقوق سیل میں درخواست دی۔درخواست میں ایک ہزار کے قریب اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ جدہ ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی کے فراڈ کا ذکر کیا گیا۔

سپریم کورٹ نے اس درخواست پر نوٹس لے کر سی ڈی اے اور نیب سے جواب طلب کیا۔ سی ڈی اے نے سپریم کورٹ میں جواب دیا کہ پلاٹ ڈویلپمنٹ کرکے متاثرین کو دیے جائیں گے۔سپریم کورٹ نے سی ڈی اے کے تحریری جواب کی روشنی میں انسانی حقوق سیل کی درخواست نمٹا دی۔

نو سال گذرنے کے باوجود سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل در آمد نہ ہو سکا،اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی فیصلے پر عمل در آمد کیلئے درخواست زیر سماعت ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے