پاکستان پاکستان24

جنگ گروپ کے مالک میر شکیل گرفتار

مارچ 12, 2020

جنگ گروپ کے مالک میر شکیل گرفتار

پاکستان میں احتساب کے قومی ادرے نیب نے جنگ جیو میڈیا گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو 54 پلاٹوں کے مقدمے میں گرفتار کر لیا ہے۔

جمعرات کو پاکستان کے سب سے بڑے میڈیا گروپ جنگ / جیو کے مالک میر شکیل الرحمان کو قومی احتساب بیورو نیب نے 1986 میں پنجاب حکومت سے پلاٹ لینے پر جواب دینے کے لیے طلب کیا تھا۔

نیب لاہور سے جاری کیے گئے نوٹس میں میڈیا گروپ کے مالک میر شکیل الرحمن کو پہلی مرتبہ پانچ مارچ کو پیش ہونے کے لیے کہا گیا تھا۔ پہلی پیشی کے بعد میر شکیل الرحمان کو 12 مارچ کے لیے دوبارہ نوٹس جاری کیا گیا۔

نوٹس کے مطابق میر شکیل الرحمن کو مبینہ طور پر میرٹ کے برعکس لاہور میں 54 کنال قیمتی اراضی لیز پر حاصل کرنے کے الزام میں طلب کیا گیا تھا۔

نوٹس کے مطابق میر شکیل الرحمن کے خلاف موصول شکایت میں الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر 1986 میں اس وقت کے وزیراعلی پنجاب نواز شریف سے 54 کنال اراضی پر کا پلاٹ لیز پر حاصل کیا جس کے وہ اہل نہ تھے۔

واضح رہے کہ میر شکیل الرحمان کے خلاف تحریک انصاف کے سربراہ اور موجودہ وزیراعظم ماضی میں مہم چلاتے رہے ہیں۔

نیب کے مطابق مذکورہ اراضی 1986 میں میر شکیل الرحمن کو لیز پہ دی گئی تھی۔

نیب لاہور سے جاری نوٹس میں میر شکیل الرحمن کو مکمل کاغذات کے ساتھ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر بیان ریکارڈ کرنے کا کہا گیا تھا۔

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال بھی تنقید کی وجہ سے جنگ میڈیا گروپ کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے