پاکستان پاکستان24

فوج کورونا سے نمٹنے کے لیے بھی تیار

مارچ 13, 2020

فوج کورونا سے نمٹنے کے لیے بھی تیار

پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلنے سے پیدا ہونے والی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے جمعے کو قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہو رہا ہے۔

اجلاس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے جبکہ فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلی حکام شریک ہوں گے۔

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوج کو کورونا سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی قومی کوششوں کی حمایت کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

جمعرات کو راولپنڈی کے فوجی ہیڈ کوارٹر میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں دیگر معاملات کے ساتھ کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال اور اس حوالے سے فوج کی سطح پر کیے جانے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

جمعے کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع، خارجہ، داخلہ اور قانون سمیت مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے جہاں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کرنے کے فیصلے کیے جائیں گے۔

آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں مدد کرنے کی تیاریاں تیز کی جائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس کانفرنس میں کورونا وائرس کے علاوہ لائن آف کنٹرول کی صورت حال، علاقائی امن و استحکام کی صورت حال اور افغان امن عمل کا جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ علاقائی امن و استحکام کا راستہ افغانستان سے ہو کر گزرتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا وائرس کے کم از کم 20 کیسز سامنے آچکے ہیں۔ کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ ہے جہاں 15 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے