پاکستان سٹاک ایکسچینج کو پھر جھٹکے
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے رجحان کے بعد کاروبار بند کر دیا گیا تھا جس کو بعد ازاں ٹریڈنگ کے لیے کھول دیا گیا۔
جمعے کی صبح سٹاک ایکسچینج کھلتے ہی ہنڈرڈ انڈیکس ایک ہزار چھ سو سے زائد پوائنٹس گر گیا جس کے بعد ٹریڈنگ بند کر دی گئی اور کچھ دیر بعد شیئرز کی خرید و فروخت کے لیے کھولا گیا۔
واضح رہے کہ اس ہفتے کے دوران سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد تیسری بار کاروبار بند کیا گیا ہے۔
جمعرات کی شام بھی سٹاک ایکسچینج میں مندی کے بعد کاروبار کو بند کیا گیا تھا۔ پیر کو بھی سٹاک ایکسچینج کھلتے ہی ہنڈرڈ انڈیکس دو ہزار دو سو پوائنٹس گرنے کے بعد مارکیٹ کریش کرنے پر ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے بند کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ عالمی سٹاک مارکیٹس میں کورونا کی وبا کے بعد شدید مندی کا رجحان ہے اور تیل کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں۔

