پاکستان

وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

مارچ 18, 2020

وزیراعظم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

سپریم کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ چلانے کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے۔

جہانزیب عباسی

پاکستان کی سپریم کورٹ میں وزیراعظم کے ساتھ وزیر قانون اور وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان کے خلاف بھی توھین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے.

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ کرکے توہین عدالت کی، سپریم کورٹ سترہ جنوری 2019 کو گلگت بلتستان کی عدلیہ میں تقریریوں کے بارے میں حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں گلگت بلتستان کی عدلیہ میں تعیناتیاں جوڈیشل کمیشن بنانے کی ہدایت کی تھی۔

درخواست گزار نے مزید کہا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی عدالتوں میں تعیناتیاں کی گئیں،حکومت نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سپریم اپلیٹ کورٹ کا جج ملک حق نواز کو تعینات کیا۔

درخواست گزار کے مطابق راجا شہباز خان کو چیف الیکشن کمشنر اور وزیر شکیل کو اپلیٹ کورٹ کے جج کی تقرری بھی کی گئی ہے، تینوں اشخاص کی تعیناتی عدالتی حکم کی خلاف ورزی ہے۔

سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف آئین کی شق 203 کے تحت توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

درخواست میں وزیر اعظم، وزیر قانون، وزیر امور کشمیر و گلگت کو فریق بنایا گیا ہے.درخواست میں سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گلگت بلتستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کیپٹن ریٹائرڈ محمد شفیع خان اور جاوید حسین نے دائر کی ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے