برطانوی وزیراعظم ہسپتال میں داخل
Reading Time: < 1 minuteکورونا وائرس کے شکار برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کو ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔
اتوار کو وزیراعظم کے دفتر ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ سے جاری میں کہا گیا ہے کہ بورس جانسن کی بیماری زیادہ سنگین نہیں تاہم وائرس کا شکار ہونے کے دس دن بعد بھی ان میں کورونا کی علامات موجود ہیں اور ان کے ٹیسٹ مثبت آ رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم بدستور چیف ایگزیکٹو ہیں اور وہ ملکی معاملات پر فیصلے صادرکر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بورس جانسن میں کورونا وائرس کی تشخیص مارچ کے آخری ہفتے میں ہوئی تھی۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد برطانوی وزیراعظم نے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ ’میں اب خود کو قرنطینہ کر رہا ہوں تاہم ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کورونا کے خلاف جاری حکومتی کوششیں کی سربراہی کرتا رہوں گا۔‘
یاد رہے کہ برطانوی شہزادہ چارلس اور وزیر صحت میٹ ہینکاک کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا تاہم وہ صحت یاب ہو گئے ہیں۔
برطانیہ میں تین ہفتوں کے لیے دکانیں اور دو سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔