برطانوی وزیراعظم کے دفتر کا ’کیک ٹویٹ‘
برطانوی وزیراعظم کے سرکاری ٹوئٹر ہینڈل سے لوگوں کو گھروں میں رہنے کے لیے ایک ٹویٹ کی گئی ہے جس پر جمائما گولڈ سمتھ سمیت ہزاروں افراد نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔
’یو کے پرائم منسٹر‘ کے ٹوئٹر ہینڈل سے کیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’اس اختتام ہفتہ گھر پر رہیں اور اپنے پیاروں کو خوش کرنے کے لیے کچھ پکائیں۔‘
عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ نے اس ٹویٹ کو ریٹویٹ کر کے لکھا ہے کہ ’براہ کرم مجھے آگاہ کیا جائے کہ یہ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے۔‘
اس پر ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اکاؤنٹ ہیک نہیں ہوا بلکہ بیک (پکا) لیا گیا ہے۔‘
ایک اور ٹوئٹر ہینڈل سے اس پر تبصرہ کیا گیا ہے کہ ’دراصل وزیراعظم لکھنا چاہ رہے تھے کہ گھروں پر رہیں اور گھر والوں کو انٹرٹین (خوش) کریں۔‘
مسز سید نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے لکھا ہے کہ یہ وہی ذہنیت ہے کو کہتی ہے کہ روٹی نہیں ملتی تو کیک کیوں نہیں کھاتے۔ ’لوگ گھروں میں، ہسپتالوں میں مر رہے ہیں اور حکمران اس قسم کی ٹویٹس کرتے ہیں۔‘

