متفرق خبریں

فوج انٹرنل سکیورٹی الاؤنس نہیں لے گی

اپریل 24, 2020

فوج انٹرنل سکیورٹی الاؤنس نہیں لے گی

پاکستان کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے دوران فرائض کی ادائیگی کا انٹرنل سکیورٹی الاؤنس نہیں لے گی۔

فوج کے میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیانات اندورنی ناکامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہیں، بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارت کی جانب سے کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے، بھارت اپنے بلنڈر سے عالمی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، کورونا وائرس کو اسلام سے جوڑنے کی بھارتی مذموم کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔

جمعے کو راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ‏دعا ہے رمضان کی برکت سے پاکستان اور دنیا کو کورونا سے نجات ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏آرمی چیف نے رمضان میں سول اداروں سے مل کر تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ‏بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی،‏بھارت نے جان بوجھ کر ایل او سی پر آبادیوں کو نشانہ بنایا، بھارت نے سیزفائر خلاف ورزیوں میں بھاری آرٹلری کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‏بھارتی فوجی قیادت کے حالیہ بیان اندرونی ناکامیوں پر مایوسی ظاہر کرتے ہیں،‏آر ایس ایس کے انتہا پسندوں نے تمام عالمی قوانین کو پامال کیا، ‏بھارت نے عالمی قوانین پامال کرکے ثابت کیاکہ بھارت ہندوتوا، دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ‏بھارت کی کشمیر میں لگائی گئی نفرت کی آگ پورے بھارت میں پھیل چکی ہے،‏ بھارت کی الزام تراشی کا مطلب غلط پالیسیوں سے ہوئےبلنڈر سے عالمی توجہ ہٹاناہے،‏ موجودہ صورتحال میں بھی بھارت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ‏خدشہ ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا کے کیسز کی تعداد بڑھ سکتی ہے، پاک فوج کے تمام دستیاب وسائل اس وبا سے نمٹنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں،‏ پاک فوج نے انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس نہ لینےکا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‏تافتان ، طورخم ، چمن میں قرنطینہ اور آئسولیشن سہولتیں قائم کر دی ہیں،‏ آج بھی چین سے طبی سامان لےکرڈاکٹروں کی ٹیم پاکستان پہنچی ہے۔ ‏کورونا وائرس کے دوران لاکھوں مستحق افراد کو راشن پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‏17 اندرونی ریلیف پروازوں کے ذریعے 64 ٹن سامان مختلف علاقوں میں پہنچایا گیا۔

میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ ‏وبا کو اسلام سے جوڑنے کی مذموم بھارتی کوشش کی پوری دنیا نےمذمت کی اور دشمن کا پروپیگنڈا ناکام ہو گیا۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے