نواز شریف کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی
پاکستان میں احتساب کے قومی ادارے نیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف متعدد بار نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے اس لیے ان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
بدھ کی شام جاری کیے گئے ایک بیان میں قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ جنگ گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان کو اراضی دینے کے کیس میں نواز شریف کو اپنا بیان قلمبند کرانے کے لیے نیب کے لاہور آفس میں پیش ہونے کے متعدد نوٹس جاری کیے۔
نیب کے مطابق نواز شریف سابق وزیراعلی پنجاب کی حیثیت سے اس کیس میں مطلوب ہیں اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرانے کے بعد اب ان کو اشتہاری قرار دینے کے لیے قانون کے مطابق عدالت سے رجوع کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے بڑے میڈیا گروپ جنگ کے مالک میر شکیل الرحمان اس وقت نیب کی تحویل میں ہیں۔

