طیارے میں جہاز کیسے لادا گیا؟
پاکستان کی فضائیہ کا سی -130 طیارہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیےاسپرے والا خصوصی جہاز لانے کے لیے ترکی پہنچا۔
ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے کی پاکستانی حکومت کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے برادر ملک ترکی نے اپنی خدمات حکومت پاکستان کو فراہم کی ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایت پر پاک فضائیہ کا ایک سی -130 طیارہ اسپرے کرنے والا خصوصی پائپر بریو (Piper Brave) جہاز لانے کے لیے ترکی کے شہر ادانا پہنچا۔
سی ون 30 میں یہ جہاز چار افراد پر مشتمل عملے سمیت بدھ کو پاکستان پہنچے گا جہاں اس کو جوڑنے کے بعد ملک کے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔ یہ جہاز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے تمام ملک خصوصاََ سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں اسپرے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق برادر ملک ترکی کی تعاون کی یہ پیشکش ٹڈی دل کے خاتمے کی کوششوں میں ممدومعاون ثابت ہو گی۔
پاک فضائیہ کا ائیرٹرانسپورٹ بیڑاقدرتی آفات کے دوران ملک میں امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ سے ہی صف اول میں شامل رہا ہے۔

