عید پر سیاحتی مقامات بند رکھنے کا فیصلہ
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کی حکومت نے ملک میں کورونا وائرس کے باعث جاری جزوی لاک ڈائون کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبے کے سیاحتی مقامات نہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثار قدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان خوشحال خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس ایمرجنسی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان حالات میں سیاحتی کی صنعت کو نہیں کھولا جا سکتا۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت نے کہا کہ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کویڈ 19 ایمرجنسی میں ہونے والی مختلف پیشرفت پر عمل پیرا ہے۔ ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ اس وائرس پر جلد قابو پا لیا جائے جس کے بعد سیاحوں کیلئےسیاحتی مقامات کھولے جائیں گے۔ اس سلسلے میں خیبرپختونخوا حکومت نے نئے ایس او پیز کا مسودہ تیار کیا ہے تاہم متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد مناسب وقت پر اس کی منظوری دی جائے گی اور مطلع کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گرمیوں کے موسم میں ملک بھر کے سیاح خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات نتھیاگلی، ایوبیہ، بحرین، کالام، مدین اور کاغان ناران کا رخ کرتے ہیں۔

