پاکستان24 متفرق خبریں

سال وبا کے ساتھ جینا ہوگا: عمران خان

مئی 20, 2020

سال وبا کے ساتھ جینا ہوگا: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ویکسین بنائے جانے تک کورونا کے ساتھ ہی گزارا کرنا پڑے گا اور یہ عرصہ ایک سال تک ہو سکتا ہے۔

بدھ کو اسلام آباد میں ٹیلی ہیلتھ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے بتایا کہ ان کی حکومت کا یہ اقدام میڈیکل کے شعبے اور عوام کی صحت کے لیے ہے۔

وزیراعظم نے ڈاکٹرز اور شعبہ طب سے جڑے دوسرے افراد کو ٹیلی ہیلتھ میں رجسٹریشن کرانے کے لیے کہا۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسی لیڈی ڈاکٹرز جنہوں نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کی اور گھروں میں ہیں، وہ ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے ذریعے گھروں سے ہی عوام کی خدمت کر سکیں گی۔


پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک مشکل وقت ہے اور مل کر ہی اس کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ”ٹیلی ہیلتھ پورٹل کورونا کی صورتحال کے بعد بھی کام آتا رہے گا۔

عمران خان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا کے کیسز کی تعداد بڑھے گی اور ایسی صورت حال سے نمٹنے میں ہیلتھ پورٹل اہم کردار ادا کرے گا۔ ”دور دراز علاقوں میں کورونا کے کیسز اور دوسرے صحت سے متعلق مسائل سے نمٹنے میں ٹیلی ہیلتھ پورٹل فائدہ مند ہو گا۔“

پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ”ماضی میں شعبہ صحت پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے خدا کا شکر ہے اب بھی ہمارے ہاں حالات بہت زیادہ خراب نہیں ہیں۔“

انہوں نے ترقی یافتہ ممالک کی مثالیں دیں اور کہا کہ وہاں حالات بہت خراب ہیں لیکن پاکستان میں ہسپتالوں پر بہت زیادہ بوجھ نہیں پڑا۔

عمران خان نے کہا کہ سرکاری ٹیلی ویژن کے ذریعے شروع کیے گئے ٹیلی ایجوکیشن کے اچھے نتائج آ رہے ہیں اور بچوں کو گھر بیٹھے تعلیم دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ اس فورس میں بھی میڈیکل کے شعبے سے وابستہ نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں رضاکارانہ طور پر صرف اڑھائی لاکھ افراد کورونا کی صورتحال میں خدمات کے لیے سامنے آئے جبکہ پاکستان میں ٹائیگر فورس میں دس لاکھ سے زیادہ افراد نے رجسٹریشن کرائی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے