کرنل کی بیوی نامعلوم ہے، مقدمہ درج
سید نعمان شاہ، صحافی ۔ مانسہرہ
مانسہرہ ایکسپریس وے پر پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی پر نامعلوم خاتون کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
20 مئی 2020 بروز بدھ کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مانسہرہ پولیس نے نامعلوم خاتون کے خلاف واقع کا مقدمہ درج کیا ہے جس میں صرف گاڑی کا نمبر لکھا گیا یے جبکہ نہ تو خاتون کے سرکاری ملازم شوہر اور نہ خاتون کا نام اور پتہ درج کیا گیا ہے۔
مانسہرہ پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بدھ کے روز تقریبا ساڑھے چار بجے ضلع مانسہرہ کی حدود میں سی پیک ایکسپریس وے پر ایک خاتون نے پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے پر دھمکیاں دیں اور ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپناتے ہوئے کار سرکار میں مداخلت کی۔
بیان کے مطابق اس سلسلے میں ضلع مانسہرہ کے تھانہ سٹی میں خاتون کے خلاف قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا گیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہاں اس بات کو واضح کیا جاتا ہے کہ یہ پولیس عہدیدار سی پیک ایکسپریس وے پر عوام کی حفاظت اور اپنی قانونی ذمہ داری سرانجام دینے کے لئے تعینات تھے جو کہ واقعہ کے دوران پولیس نے اس خاتون کے توہین آمیز رویے کے باوجود انتہائی تحمل اور پیشہ ورانہ بردباری کا مظاہرہ کیا۔
”یہاں یہ واضح کر دینا ضروری ہے کے اس حوالے سے کسی بھی پولیس اہلکار کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی یا محکمانہ کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ کہ کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ہے اور اس معاملے میں بھی تمام تر قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں گی۔“

واقعہ کا مقدمہ نامعلوم خاتون کے خلاف درج کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب آرپی او ہزارہ ڈویژن نے بھی سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کی ہے۔
قاضی جمیل ڈی آئی جی ہزارہ کا کہنا تھا کہ خاتون بدتہذیبی کے واقعے میں کسی پولیس اہلکار کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔ پولیس نے خاتون کے توہین آمیز رویے کے باوجود تحمل اور پیشہ ورانہ بردباری کا مظاہرہ کیا۔ کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں، تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں گی۔

