تباہ ہونے والے طیارے میں کون کون سوار تھا؟
کراچی میں پاکستان کی قومی ایئر لائن کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں 90 سے زائد افراد ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے مسافروں کی فہرست پر نظر ڈالی جائے تو کئی اہم شخصیات بھی شامل ہیں۔
لاہور کے چینل 24 نیوز کے ڈائریکٹر پروگرامنگ انصار نقوی، پنجاب کے بیورو کریٹ خالد شیر دل اور فیشن ماڈل زارا عابد کے نام نمایاں ہیں۔
پی آئی اے حکام کے مطابق طیارے کے پائلٹ سجاد گل اور فرسٹ آفیسر عثمان اعظم تھے۔
احمد چوہدری، عبدالقیوم اشرف، ملک عرفان رفیق، مدیحہ ارم، آمنہ عرفان اور اسما شہزادی عملے میں شامل تھے۔
مسافروں کی فہرست سے معلوم ہوتا ہے کہ طیارے میں کئی خاندانوں کے ایک سے زائد افراد سوار تھے۔ ایک خاندان کے چار، دو کے تین اور جبکہ چھ خاندانوں کے دو دو افراد سفر کر رہے تھے۔
پولانی خاندان کے پانچ افراد بھی طیارے میں سوار تھے۔
فلائٹ انکوائری کے مطابق پی آئی اے کی لاہور سے کراچی جانے والی مسافر پرواز پی کے 8303 کو حادثہ پیش آیا۔
جہاز ایئربس A320 تھا جو آبادی پر گرا ہے۔ جہاز کے دونوں انجن فیل ہونے پر حادثہ پیش آیا۔
جہاز میں عملے کے آٹھ افراد سوار تھے۔
یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بعض مسافروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جبکہ دو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

