میتوں کی شناخت: DNA کے نتائج 21 دن میں
کراچی میں تباہ ہونے والے پاکستان کی قومی ایئرلائن کے مسافر طیارے کے حادثے میں مرنے والے 50 سے زائد افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ہوگی۔
سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا افضل کے مطابق ڈی این اے کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں اور نتائج 21 دن تک آئیں گے۔
اس سے قبل طیارے کے حادثے میں 97 افراد کے مارے جانے اور دو کے زندہ بچ جانے کی تصدیق کی گئی۔
واضح رہے کہ جمعے کی دوپہر اڑھائی بجے کے لگ بھگ لاہور سے کراچی جانے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ جناح ایئرپورٹ کے قریب آباد پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
دوسری جانب پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے کہا ہے کہ طیارے کے حادثے کی تحقیقات وزارت ہوابازی کرے گی۔
محکمہ صحت سندھ کے بیان کی مطابق حادثے میں 97 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 19 لاشوں کی شناخت کی جا چکی ہے۔
بیان کے مطابق حادثے میں خوش قسمتی سے دو افراد کی جان بچ گئی ہے۔
سندھ کے محکمہ صحت کے مطابق 66 لاشیں جناح ہسپتال جبکہ 31 سول ہسپتال میں ہیں۔ ہلاک ہونے والے یہ 97 افراد جہاز میں سوار تھے۔
محکمہ صحت کے مطابق تاحال حادثے میں رہائشی علاقے کے کسی شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔
افواج پاکستان کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے تصدیق کی ہے کہ ان کے چار افسران حادثے کی نذر ہو گئے ہیں۔

