انڈیا چین سرحدی تنازع پر امریکی ثالثی کی پیشکش
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا اور چین کو ان کی سرحد کے تنازع پر ثالثی کی پیشکش کی ہے ۔
اس سے قبل عسکری ذرائع کی یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ سینکڑوں چینی فوجی سرحد پر متنازع زون میں داخل ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈیا اور چین کے درمیان مئی کے آغاز میں سرحدی کشیدگی کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب چینی فوجیوں کی بڑی تعداد نے لداخ کے تین مقامات پر انڈیا کے زیر کنٹرول علاقے میں داخل ہو کر پوسٹیں قائم کرلی تھیں۔
قبل ازیں یہ بتایا گیا تھا کہ انڈین افواج متنازع علاقے میں تعمیرات کر رہی ہیں۔
انڈیا اور چین کشیدگی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے ہوئے سرحدی تنازع کے حل کے لیے بات چیت پر بھی زور دے رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’ہم نے انٹیا اور چین دونوں کو آگاہ کیا ہے کہ امریکہ بڑھتے ہوئے سرحدی تنازع پر ثالثی یا مصالحت کرانے کے قابل، تیار اور خواہشمند ہے، شکریہ‘.
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق دونوں ملک متنازع علاقے میں سرحد پر افواج اور بھاری مشینری جمع کر رہے ہیں۔

