طوطا اڑانے پر کمسن گھریلو ملازمہ تشدد سے ہلاک
راولپنڈی کے علاقے بحریہ ٹاؤن میں 8 سالہ گھریلو ملازمہ بچی مبینہ طور پر مالکان کے تشدد سے ہلاک ہو گئی۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم حسن صدیقی اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ملزم کو تھانہ روات جبکہ اہلیہ کو وومن پولیس سٹیشن کی حوالات میں بند کیا گیا ہے۔
ملزمان کے خلاف درج اقدام قتل، زیادتی کی ایف آئی آر میں بچی کی موت کے قتل کی دفعہ 302 کا اضافہ کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پنجرے سے پالتو طوطا اڑانے پر 8 سالہ بچی سے تشدد کیا تھا۔ ملزمان کے خلاف ایس ایچ او روات کی مدعیت میں ایف آئی آر درج ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم بچی کو زخمی حالت میں بحریہ ٹاؤن کے ہسپتال میں لانے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا جس کو دن بھر تلاش کے بعد گرفتار کیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچی کا تعلق ملتان سے ہے۔

