پاکستان

پٹرول کی قلت دور نہ ہونے پر کابینہ پریشان

جون 16, 2020

پٹرول کی قلت دور نہ ہونے پر کابینہ پریشان

پاکستان میں وفاقی کابینہ کے ارکان نے ملک کے مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے گزشتہ تین دن میں قلت ختم ہونے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی، اب وزارت پیٹرولیم کو بحران کی ذمہ داری قبول کرنا پڑے گی ۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ ملک مکمل لاک ڈاون کا متحمل نہیں ہو سکتا، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے لیے جرمانے اور سزائیں تجویز کی گئی ہیں، کابینہ نے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو رسک الاونس جاری رکھنے کی توثیق کی ہے۔

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال سمیت پانچ نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران کابینہ ارکان نے ملک کے مختلف حصوں میں پیٹرول کی قلت کا معاملہ اٹھایا۔ مشیر بابر اعوان نے کہا کہ وزارت پٹرولیم نے کابینہ سے تین دن میں بحران ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، ملک میں پیٹرول کا بحران بدستور برقرار ہے۔

ندیم بابر نے کہا پٹرول پمپس نے پیٹرول ذخیرہ کیا ہوا ہے ، کئی آئل کمپنیوں اور پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائیاں کی ہیں ۔۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بات تو گزشتہ اجلاس میں بھی بتائی گئی تھی، وزارت پٹرولیم بحران کی ذمہ داری قبول کرے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہمارا ملک مکمل لاک ڈاون کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں ، ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والوں کے لیے جرمانے اور سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔

شبلی فراز نے بتایا کہ گھروں میں کام کرنے والے بچوں کے تحفظ کے لیے قانون میں ترمیم کی منظوری دی ہے جبکہ کابینہ نے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز کو رسک الاونس جاری رکھنے کی توثیق کی ہے۔
شبلی فراز نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے پبلک فنانس منیجمنٹ ایکٹ 2019کے تحت کوویڈ- 19کے نام سے ایک خصوصی فنڈ کے قیام کی منظوری دی ہے۔1.24کھرب روپے کے معاشی پیکیج میں سے اب تک بچ جانے والی رقوم کو اس فنڈ میں ڈالا جائے گا،۔کابینہ نے کوویڈ سے متاثرہ مریضوں کے استعمال میں آنیوالی ایک دوائی (انجیکشن remdesivir) کی قیمت کا تعین کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ اس دوائی کی درآمد پر ڈیوٹی لاگو نہیں ہوگی۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے